ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی: نقلی انوائس کے ذریعے سپاری کے تاجر جی ایس ٹی میں لگا رہے ہیں حکومت کو چونا۔ 17؍کروڑ روپے ٹیکس چوری کا الزام ۔ دو ملزمین گرفتار

سرسی: نقلی انوائس کے ذریعے سپاری کے تاجر جی ایس ٹی میں لگا رہے ہیں حکومت کو چونا۔ 17؍کروڑ روپے ٹیکس چوری کا الزام ۔ دو ملزمین گرفتار

Sun, 21 Mar 2021 21:28:13    S.O. News Service

سرسی،21؍مارچ (ایس او نیوز) سینٹرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ  کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نقلی انوائس (تجارتی سامان کی فہرست) کے ذریعے جی ایس ٹی ادا نہ کرتے ہوئے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا چونا لگانے کے الزام سرسی سے تعلق رکھنے والے سپاری کے دو تاجروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سینٹرل گوڈس اینڈ سروس ٹیکس کنٹرول بورڈ منگلورو کے افسران نے ان ملزموں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں یکم اپریل تک کے لئے کسٹڈی میں دیا گیا ہے۔ ان دونوں تاجروں نے نقلی انوائس کے ذریعے 17 کروڑ روپوں کی ٹیکس (جی ایس ٹی) چوری کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس معاملے کا سراغ لگانے کی کوشش میں کچھ مہینے قبل افسران نے سرسی اور یلاپور میں بیوپاریوں کے مختلف ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی اور اس تعلق سے معلومات اکٹھا کی تھیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد افسران نے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔

سپاری تاجروں کی اس نقلی انوائس والی حرکت کا پتہ لگانے کے لئے افسران  نے تاجروں کے بلس، ریٹرنس اور دوسرے دستاویزات اور داخلہ جات کا باریکی سے جائزہ لیا جس سے اس طرح کے ایک جال کا پردہ فاش ہوگیا۔ اس ضمن میں افسران نے سرسی کے علاوہ چترادرگہ، منگلورو اور پتور میں ٹراسپورٹرس سمیت دیگر مشتبہ افراد کے دفاتر پر کے چکر لگائے تھے۔ افسران کے لئے حیرت ناک بات یہ تھی جن مقامات پر جانچ اور تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں ان  میں سے اکثرمقامات پر کاروبار کے سلسلے میں کاغذات یا الیکٹرانک دستاویزات نام کی کوئی بھی چیز برآمد نہیں ہوئی۔ حالانکہ ان مشتبہ کاروباریوں نے جی ایس ٹی رجسٹریشن کروایا تھا لیکن چو ردروازے ٹیکس چوری کا کام بڑی چالاکی کے ساتھ انجام دی جارہا تھا۔

ٹیکس چوری کا پتہ لگانے کی یہ پوری کارروائی کی منگلوروسینٹرل جی ایس ٹی کمشنر امام الدین احمد کی راست نگرانی میں رائیش پجاری کی ٹیم نے انجام دی۔ پتہ چلا ہے کہ یہ تحقیقاتی ٹیم نے سینٹرل جی ایس ٹی کی شکل میں 3 کروڑ 20 لاکھ روپے وصول کرنے میں بھی کامیاب ہوئی ہے۔


Share: